عمران خان نے ڈوبتی معیشت کو بچایا، 60 فیصد آبادی کو روزگار چاہیے: شوکت ترین

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے پاکستان کی معیشت پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین معاشی ٹیم کے ہمراہ امریکا پہنچ گئے۔ گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ واشنگٹن پہنچے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران شوکت ترین نے کہا کہ ہم پسماندہ طبقات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔دورۂ امریکا کے دوران وزیر خزانہ کی ورلڈ بینک کے نائب صدر سے ملاقات ہوئی۔ شوکت ترین پاکستان امریکا بزنس کونسل کی دعوت پر راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں شریک ہوں گے اور واشنگٹن میں ترک ہم منصب سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے پر عزم ہے۔ اس سے قبل وزیر خزانہ نے کہا کہ چینی کی درآمد میں تاخیر اور مہنگی چینی درآمد کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
 گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے منٹس پر مشتمل دستاویز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کے لئے پیش کی جانے والی سمریوں پر تبادلہ خیال کے دوران نشاندہی کی گئی کہ چینی کی درآمد میں تاخیر سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

ای پیپر دی نیشن