وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے قیدیوں کے لئے ایک اوراحسن اقدام کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کے اجراء کا حکم دے دیا ہے، قیدی اب جیل بیرکس میں اخبارات کامطالعہ بھی کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورسیکرٹری اطلاعات کو ہدایات جاری کردیں۔عثمان بزدارکا کہنا ہےکہ بیرکس میں قیدیوں کیلئے اخبارات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ تمام جیلوں کی بیرکس میں قیدیوں کے لیے باقاعدگی سے اخبارات مہیا کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ قیدیوں اور جیل ملازمین کیلئے 5 ارب 50 کروڑ روپے کے تاریخی پیکیج سے نظام میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔ یہ تاریخ ساز پیکیج جیل نظام میں دوررس اورانقلابی تبدیلیوں کی بنیاد بنے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہاکہ یہ صرف ایک پیکیج نہیں بلکہ قیدیوں اورجیل ملازمین کی ضروریات کو مدنظررکھ کر ریلیف کی فراہمی کا جامع پروگرام ہے۔
عثمان بزدار نے کہاکہ میں 20 سے زائد جیلوں کے وزٹ کرچکا ہوں۔ قیدی جس کرب سے گزرتے ہیں وہ ناقابل بیان ہے۔ ہم نے فرسودہ نظام کو درست کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ آج یہ نظام درست ہوگا تو کل اس بدلے ہوئے نظام سے قیدی اچھے شہری بن کر نکلیں گے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پنجاب میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کیاگیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سےقیدیوں کی سزاؤں میں 60 روزکمی کررہےہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ کم سن قیدیوں کےاستحصال کی اجازت نہیں دی جائےگی، قیدیوں سے متعلق پرانے قوانین کوتبدیل کیاجائےگا، قیدی قابل نفرت نہیں،جرم قابل نفرت ہوتا ہے، نفرت قیدیوں سےنہیں جرم سےکرنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب بھرکی جیلوں میں سردیوں میں گیزرلگایاجائےگا،پنجاب بھرکی جیلوں ایمبولینس سروس فراہم کی جائےگی، پنجاب بھرکی جیلوں میں قیدیوں کوسہولتیں فراہم کی جائیں گی، قیدیوں کوتعلیم سمیت دیگرسہولت فراہم کریں گے۔عثمان بزدار نے مزید کہاکہ پنجاب بھرکی جیلوں میں عشرہ رحمت اللعالمین منایاجائےگا، قیدیوں کومعاشرے کا بہترین شہری بنانے پرتوجہ دی جائیگی۔
یادرہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں کے قیدیوں اور جیل کے عملے کیلئے تاریخ ساز پیکیج تیارکیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے آج سینٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا ، اس موقع پرقیدیوں اورجیل اسٹاف کیلئے خصوصی پریزن پیکیج کا اعلان بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جیل میں ٹی وی کیبل نیٹ ورکنگ سسٹم اورجم کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہےکہ قیدی بھی انسان ہیں اوران کے بھی حقوق ہیں۔ قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ ماضی میں قیدیوں کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ہماری حکومت نے قیدیوں کے ساتھ جیل عملے کیلئے بھی خصوصی پیکیج تیار کیا ہے۔