جرمن چانسلر میرکل کی چینی صدر کے ساتھ الوداعی ویڈیو کال

جرمن چانسلر میرکل نے چینی صدر کے ساتھ الوداعی ویڈیو کال کی ہے،دونوں رہنماﺅں نے ویڈیو کال کے دوران کورونا وبا، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی حقوق جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ چینی صدر شی جن پنگ نے جرمن لیڈر میرکل کو چینی عوام کا دوست قرار دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سبکدوش ہونے والی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے چینی صدر شی جن پنگ سے اپنی الوداعی ویڈیو کال میں بات چیت کی اور تفصیل سے وبائی مرض کورونا، ماحولیاتی تبدیلیوں اور دیگر اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔جرمن حکومت کے ایک ترجمان مارٹن فیٹز نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دونوں رہنماﺅں نے آنے والی جی 20 سربراہی اجلاس کی تیاریوں، موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور وبائی امراض کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق چین اور یورپی یونین کے درمیان معاہدے جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔آئندہ برس جرمنی اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 50 برس مکمل ہو جائیں گے اور اس مناسبت سے دونوں رہنماں نے باہمی تاریخی رشتوں کو بھی سراہا۔چین کے حکومتی میڈیا کے مطابق بات چیت کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو چینی عوام کا دوست قرار دیا۔ جرمنی میں نئی حکومت کے قیام کے فوری بعد میرکل اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گی۔ چینی صدر نے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد میرکل کو چین کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ہے۔ جرمن چانسلر نے جرمن کمپنیوں سے کہا کہ وہ ایشیا بحرالکاہل خطے میں اپنی کاروباری حکمت عملی میں تنوع پیدا کریں اور صرف چین پر ہی منحصر نہ رہیں۔ انڈو پیسیفک خطے میں جرمنی کی بیرونی تجارت کا تقریبا 50 فیصد چین سے ہونے والی تجارت پر مبنی ہے۔ میرکل نے ایشیا پیسیفک کمیٹی آف جرمن بزنس (اے پی اے)کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ ایشیا بحرالکال میں چین سے آگے بھی بہت کچھ ہے۔اس میٹنگ میں موجود کئی بڑی جرمن کاروباری شخصیات نے بھی میرکل کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ خطے میں تجارتی دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن