وفا قی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے جائیکا (JICA) پاکستان کے چیف نمائندہ کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے جائیکا (JICA) پاکستان کے چیف نمائندہ مسٹر شیجیکی فروٹا Mr. Shigeki Furuta نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اجلاس میں واٹر سیکٹرجائیکا پاکستان آفس کے انچارج اور چیف انجینئرنگ ایڈوائزر برائے آبی وسائل بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مونس الٰہی نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں بشمول پانی اور فلڈ کنٹرول سیکٹر کی مجموعی ترقی میں مسلسل معاونت کیلئے جائیکا اور حکومت جاپان کا شکریہ ادا کیا۔ مونس الٰہی نے پانی کے مختلف ذیلی شعبوں جیسے سیلاب کنٹرول، پانی کی فراہمی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ وغیرہ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ جائیکا (JICA) پاکستان آفس کے چیف نمائندے نے پاکستان میں جائیکا کے مختلف مکمل اور جاری منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس تعاون کو سراہا جس میں وفاقی فلڈ کمیشن، وزارت آبی وسائل، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ پنجاب سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے معاونت کی گئی۔ انہوں نے خاص طور پر اسلام آباد-راولپنڈی میں نالہ لئی کے سیلاب کے مسائل کے انتظام میں جائیکا (JICA) کی شراکت کا ذکر کیا، متعلقہ محکموں کی ادارہ جاتی مضبوطی، اسلام آباد اور کراچی میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویدر سرویلنس ریڈار کی فراہمی اور تنصیب اور ملتان میں اسی طرح کے موسمی ریڈار لگانے کیلئے جائیکا (JICA) کے منصوبے کا ذکر کیا۔ سکھر کے علاوہ جائیکا کا فلڈ مینجمنٹ اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے ماہرین کو ایف ایف سی اور این ڈی ایم اے کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان پر نظر ثانی کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا پنجاب میں وسیع پیمانے پر کا م کررہا ہے اور وہ فیصل آباد شہر کیلئے ماڈل واٹر سپلائی مینجمنٹ پلان تیار کر رہا ہے اور اس کا دوسرے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر مونس الٰہی کو لاہورمیں واسا کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جائیکا کی ابھرتی اکیڈمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ مونس الٰہی نے اجلاس کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا کہ جاپانی حکومت پانی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت میں مزید اضافہ کرے گی جس میں منصوبہ بندی کی سرگرمیوں کے ذریعے وزارت آبی وسائل کے تحت کام کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے اور پنجاب میں واسا کیلئے گجرات، وزیر آباد وغیرہ جیسے شہروں میں پانی کی فراہمی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل کو بہتر طریقے سے سنبھالنا شامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایف ایف سی کو ادارہ جاتی مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اسے پورے ریجن میں اسی طرح کے اداروں کے برابر لانے اور نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان IV کے نفاذ میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن