پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے نام نہادسرجیکل اسٹرائیک سے متعلق غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیرداخلہ کا بیان آرایس ایس نظریے کا عکاس اور پاکستان دشمنی پر مبنی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخارنے بھارتی وزیر داخلہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہا ایسے جھوٹے بیانات بی جے پی-آر ایس ایس کی خطے میں صرف کشیدگی کو ہوا دینے کی مزید کوشش ہے جو ان کے لیے پاکستان سے دشمنی کی بنیاد پر نظریاتی اور سیاسی دونوں حوالوں سے فائدے کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات بھارت کی ریاستی دہشت گردی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں اور بھارت کے اندر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کا حربہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مسلسل عالمی برادری کی توجہ بھارت کے جھوٹے فلیگ آپریشنز کی طرف دلائی ہے جبکہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم کسی بھی قسم کی جارحیت ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں بالاکوٹ میں پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا اور بھارت کے دو طیارے گرائے گئے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کیا گیا تھا اور یہ پاکستان کا بھرپور جواب، صلاحیت اور مسلح افواج کی بھارتی جارحیت کے خلاف تیاریوں کا مظہر تھا۔اس سے قبل بھارتی میڈیا کے مطابق گووا کے دھربندورا میں ایک یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے الزام عائد کیا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں پاکستان دخل اندازی کرتا رہا تو بھارت ایک بار پھر سرجیکل اسٹرائیک کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بات چیت سے معاملات حل کرنے کا وقت گزر چکا ہے، اب ردعمل دیا جائے گا۔