سرسبز اور زرعی اراضی کے استعمال میں تبدیلی کو روکنے کے لئے قانون سازی میں تیزی لائی جائے. عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے صوبوں اور آزاد کشمیر کی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرسبز اور زرعی اراضی کے استعمال میں تبدیلی کو روکنے کے لئے قانون سازی میں تیزی لائیں، کیڈسٹرل میپنگ تجاوزات کے خاتمہ اور لینڈ ریونیو میں اضافہ کے لئے اہمیت کی حامل ہے، نیاپاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد سے اب تک روزگار کے اڑھائی لاکھ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کوہائوسنگ، تعمیرات اور ترقی پر قومی رابطہ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ اور نئے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو سرویئر جنرل آف پاکستان میجر جنرل شاہد پرویز نے بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیڈسٹرل میپنگ ایک مستند لینڈ ریکارڈ ڈیٹا بیس کی ترقی میں معاون ثابت ہو گی۔ اس سے زمین کی حد بندی کو واضح طورپر پہنچاننے اور غیرقانونی تجاوزات کے سد باب میں مدد ملے گی جبکہ یہ مستند ڈیٹا بیس سے زمینوں سے حاصل ہونیوالی آمدنی کو بڑھانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ سر سبز علاقوں کو شہری منصوبوں میں جہاں تبدیل کیا جا رہا ہے وہاں زمین کے استعمال کے حوالے سے ان تبدیلیوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام صوبائی اور آزاد کشمیر کی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ اراضی کے استعمال میں تبدیلی کو روکنے کے لئے قانون سازی میں تیزی لائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی اور غذائی تحفظ کے لئے سرسبز علاقوں اور زرعی زمینوں کا تحفظ ضروری ہے تاہم قواعد و ضوابط کے تحت تعمیراتی منصوبوں کی اجازت ہو گی۔نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کو بتایا گیا کہ نقشہ سازی کے پہلے مرحلہ کے تحت پنجاب میں 90 فیصد ، خیبر پختونخوا میں 96 فیصد اور بلوچستان میں 50 فیصد ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہوچکی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس کو بتایا کہ کیڈسٹرل میپنگ کی مدد سے سی ڈی اے نے تجاوزات کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنا شروع کر دیئے ہیں اور اس سیحاصل ہونے والی رقم غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی دھوکہ دہی کا نشانہ بننے والے افراد کو معاوضہ کے طور پر ادائیگی میں استعمال ہو رہی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ، وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل ، ملک امین اسلم نے شرکت کی۔ نجاب سے میاں محمود الرشید، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)انور علی حیدر ، چیئرمین ایف بی آر، سرویئر جنرل آف پاکستان نے شرکت کی ۔گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر ، پنجاب ، بلوچستان ، سندھ ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کے چیف سیکرٹریز اور خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔قبل ازیں وزیراعظم نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ لاہورپر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی کیونکہ یہ منصوبے ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے انتہائی اہم ہیں۔

ای پیپر دی نیشن