یوٹیلٹی سٹورز پر قیمتوں میں ردوبدل ، دودھ، چائے مہنگی ، گھی ، دالیں سستی 

Oct 14, 2022

لاہور؍ اسلام آباد  (کامرس رپورٹر+ خبر نگار خصوصی) یوٹیلٹی سٹورز پر دودھ، چائے،  سمیت کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20روپے تک اضافہ ہوگیا، جس کے بعد قیمت 197سے بڑھ کر 217روپے ہو گئی۔ 450گرام چائے کی قیمت میں 240روپے تک اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 508روپے سے بڑھ کر 748روپے ہو گئی۔ جبکہ 100 پیک کے ٹی بیگ کی کا پیک 282 روپے تک مہنگا  ہوگیا جس کی قیمت 298 روپے سے بڑھا کر 580 روپے کر دی گئی۔ علاوہ ازیں 50 گرام پشاوری قہوہ 45 روپے تک مہنگا کرکے قیمت 108 سے بڑھا کر 153 روپے کردی گئی۔  مچھر مار لیکوڈ کی قیمت میں 19 روپے تک اضافہ ہوا ہے جبکہ 250 گرام شہد کی بوتل 38 روپے تک مہنگی ہو گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر 135 گرام کا ٹوتھ پیسٹ 30 روپے تک مہنگا ہوگیا۔ نوڈلز کے چھوٹے پیکٹ کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ بیکنگ پائوڈر، فیس کریم، صابن، شیونگ کریم، شیشہ صاف کرنے کا لیکوڈ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ دوسری طرف متعدد اشیاء کی قیمتیں کم کی گئی ہیں۔ ان اشیاء میں مختلف کمپنیوں کا پریمیم برانڈگھی، کوکنگ آئل، اور دالیں وغیرہ شامل ہیں۔ ایوا گھی پریمیم برانڈ گھی کی قیمت میں 31 روپے فی کلو، ایوا پریمیم کوکنگ آئل کی قیمت میں 16 روپے فی لٹر کمی، ڈالڈا گھی پریمیم برانڈ کے 5کلو کی قیمت میں 30 روپے کی کمی، ڈالڈا کوکنگ آئل 5لیٹر کی قیمت میں 25 روپے کمی، اس طرح حبیب بناسپتی کی قیمت میں 85روپے فی 5کلو جبکہ حبیب کوکنگ آئل 5 لیٹر کی قیمت میں بھی 85روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر پریمیم برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی کر دی گئی ہیں۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی 15روپے سے لیکر 30روپے فی کلو کی کمی کر دی گئی ہیں جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب دالوں کی کوالٹی انتہائی اعلی اور معیاری ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر کے تمام سٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت آٹا، چینی، گھی، دالوں اور چاولوں پر بھی خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ 

مزیدخبریں