کراچی (نیٹ نیوز) 14 روز بعد آج روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کا بھاؤ کم ہونے کی لہر پندرہویں روز ٹوٹ گئی اور گزشتہ رات انٹر بینک تبادلہ میں ڈالر 9 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالرکا بھاؤ 217.88 روپے، ڈالر کی قدر گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 217.79 روپے تھی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے مہنگا ہوکر 220 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے اضافہ ہوا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 100 روپے ہے۔ دس گرام سونے کا بھاؤ 1543 روپے اضافے سے ایک لاکھ 26 ہزار 972 روپے ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا گزشتہ روز منفی دن رہا۔ 100 انڈیکس 240 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا تاہم اختتام پر 148 پوائنٹس کم ہوکر 42007 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 23 کروڑ 86 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7.85 ارب روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 12 ارب روپے کم ہوکر 6836 ارب روپے ہے۔