شام ، مالدیپ میں نامزد پاکستانی ، سوئس سفیر کی ملاقاتیں ، تعاون کا دائرہ بڑھائیں ، بلاول 

Oct 14, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے گزشتہ روز یہاں شام اور مالدیپ میں نامزد پاکستانی سفیروں اور پاکستان کیلئے نئے سوئس سفیر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مالدیپ میں پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ محمد فیاض گیلانی نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملک شام میں پاکستان کے نامزد سفیر ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد اختر نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک شام اور پاکستان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ شام سے تجارتی اور تعلیمی میدان میں باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کئے جائیں، ملک شام کی تعمیر نو میں پاکستان کے کردار کے تسلسل کو جاری رکھنے میں اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ ملک شام جانے والے پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لئے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ مالدیپ میں پاکستان کے نامزد سفیر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ محمد فیاض گیلانی کو ہدایت کی کہ  مالدیپ کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے اور سیاحت میں فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مالدیپ اور پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے ایک سے حالات درپیش ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی  اس حوالے سے باہمی تعاون کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔  ترجمان دفتر خارجہ مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے گیورگ سٹائنر کی بطور سفیر پاکستان میں تعیناتی پر انہیں خوش آمدید کہا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امداد پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاک سوئس تجارتی، ثقافتی و سیاحتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں آپ اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔

مزیدخبریں