لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت اور صوبے کے مالیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے مقرر کردہ ٹارگٹ پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ریونیو میں اضافے سے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتیں دی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پنشن فنڈ میں اصلاحات کے حوالے سے جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنشن کے واجبات کی ادائیگی کے لئے پنجاب پنشن فنڈ کا بہترین مصرف یقینی بنایا جائے اور اگلے ہفتے متعلقہ حکام اس ضمن میں جامع پلان پیش کریں۔ پرویزالٰہی نے پنجاب بانڈز کے اجراء کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور پنجاب بانڈز کے اجراء کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی پنجاب بانڈز کے اجراء کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوام بھی ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری پروگرامز کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے پروگراموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ تعلیم اور صحت کیساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت ڈلیوری پر یقین رکھتی ہے اور اہداف کا حصول مقررہ مدت میں یقینی بنانا متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے اور اس کے لئے ترقیاتی وسائل کا بروقت استعمال ضروری ہے۔ پرویز الٰہی نے نوری آباد کے قریب مسافر کوچ میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔