لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کو پنجاب کا مشیر داخلہ مقرر کر دیا ہے۔ ایوانِ وزیراعلیٰ لاہور میں پرویز الہی سے عمر سرفراز چیمہ نے ملاقات کی۔ مونس الہی بھی موجود تھے۔ پرویز الہی نے عمر سرفراز چیمہ کو نئی ذمہ داری سے آگاہ کیا جبکہ عمر سرفراز چیمہ نے نئی ذمہ داری پر وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ عمر سرفراز چیمہ کو ہاشم ڈوگر کے مستعفی ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ عمر سرفراز چیمہ نے 'شریف زرداری فورس' ایف آئی اے کی جانب سے اعظم سواتی کی گرفتاری کو فسطائیت کی انتہا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے واضح کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا گیا، جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنماؤں کو بلاجواز گرفتار کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او 2 دے کر تمام چوروں اور ڈاکوؤں کو قوم کا خون چوسنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف شہباز زرداری مافیا کا ہر سطح پر مقابلہ کرے گی اور ان سے لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔
عمر سرفراز چیمہ