پی آئی اے کا خسارہ بڑھ گیا سیلاب متاثرہ کسانوں کو مفت بیج ملیں گے: حکومت

اسلام آباد (نا مہ نگار)قومی اسمبلی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نام سے بحال کرنے کی تحریک منظور کر لی۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو فصلوں کے لئے مفت بیج فراہم کئے جائیں گے،  قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خسارہ 2021 میں بڑھ کر 50101ملین  روپے تک پہنچ گیا ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ہوا،اجلاس کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نام سے بحال کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔یہ تحریک نواب زادہ افتخار خان نے پیش کی، جو قومی اسمبلی نے منظور کر لی۔ ایم کیو ایم کی رکن کشور زہرہ نے کہا کہ  درخواست کی تھی کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کا نام لیاقت علی خان سے منسوب کیا جائے، لیاقت علی خان کا درجہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ وفاقی وزیر و سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ شجرکاری میں سیاسی لوگوں کی شرکت سے فائدہ ہو سکتا ہے، ابھی بھی درختوں کا کٹائو جاری ہے۔ سیلاب سے پہلے ہم نے جنگلات کے اگائو کے لئے پالیسی شروع کی تھی۔ شہروں کو پلاسٹک سے پاک کرنے اور دریائوں میں آلودگی کے خاتمے کے پروگرام بھی شامل تھے مگر سیلاب کے بعد اب فنڈز میں مشکل پیش آرہی ہے۔ صوبوں کو کسی بات کا پابند نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ان پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق چوہدری طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کو فصلوں کے لئے مفت بیج فراہم کئے جائیں گے۔ 5 ارب روپے این ڈی ایم اے کو منتقل کردیئے ہیں، مزید 4ارب روپے کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ پروگرام میں وفاق اور صوبے پچاس پچاس فیصد حصہ دار ہوں گے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)میں خالی آسامیوں پر پروفیسر ڈاکٹر اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز ڈاکٹرز کی عدم تقرری سے متعلق معاملہ قومی اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری شازیہ ثوبیہ نے ایوان کو بتایا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اس کے بعد پبلک سروس سکمیشن کے ذریعے پمز ہسپتال کی خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کی جائے گی۔گھریلو تشدد (تدارک و تحفظ)بل 2021 سینٹ کی جانب سے ترامیم کے ساتھ منظور کردہ صورت میں قومی اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ایبٹ آباد کے نواحی علاقوں میںسروے کی تکمیل پر فور جی سروس کا آغاز ہوگا۔قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ مساجد سے ٹی وی فیس وصول نہیں کی جارہی، جن مساجد کو بلوں میں ہے وہ سادہ درخواست کے ذریعے اس سے استثنی حاصل کر سکتے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری رانا ارادت شریف نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت دو لاکھ 99ہزار 469 مساجد کے بجلی بلوں میں ٹی وی فیس کا استثنی دیا گیا ہے۔معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ وزارت شہری ہوابازی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کا خسارہ2021 میں بڑھ کر50101 ملین روپے تک پہنچ گیا ہے، 2018 سے 2020 تک کمی کا رجحان رہا مگر کرونا وبا، سعودی عرب کی جانب سے حج آپریشن کی معطلی اور یورپ فلائٹ آپریشن پر پابندی کی وجہ سے 2019 میں خسارے میں کمی کا تسلسل برقرار نہیں رہ سکا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ثقافتی ورثہ ڈویژن کے تحت 18 ادارے آتے ہیں جن میں لوک ورثہ اور پی این سی اے سمیت دیگر صرف اسلام آباد کی حد تک اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، صوبوں میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں۔  قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 2019 سے 2022 تک چار سالوں میں مجموعی طور پر 1828.49 ملین درخت اگائے گئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری زیب جعفر نے ایوان کو بتایا کہ وزارت تعلیم نے پی ٹی سی ایل سمیت کئی اداروں سے ایم او یو سائن کئے ہیں۔دنیا کی 500یونیورسٹیز کی ایفلی ایشن کی گئی ہے اور اب پاکستان کے طلبا پاکستان میں پڑھ کر ان یونیورسٹیز کی ڈگریاں حاصل کر سکتے ہیں۔  بلوچستان اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کی تعلیمی سہولیات کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ حکام کو شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت پورے فاٹا میں موبائل نیٹ ورک شروع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...