لاہو ر(کامرس رپورٹر ) پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور فیڈرل پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مابین پنجاب بھر میں ای پروکیورمنٹ سافٹ ویئر کی تیاری، حصول اور لانچنگ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ عبداللہ خان سنبل نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ای پروکیورمنٹ سافٹ ویئر جو پنجاب پروکیورمنٹ لیگل فریم ورک کے مطابق پنجاب PPRA کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔فیڈرل پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (FPPRA) نومبر 2022 کے آخر تک مفت فراہم کرے گا۔ انہوں نے ای پروکیورمنٹ کی جانب اس انقلابی قدم پر پنجاب PPRA کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ جبکہ وقار عظیم ایم ڈی پنجاب PPRA نے FPPRA کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔PPRA پنجاب نے پورے پنجاب میں ای پروکیورمنٹ کے نفاذ کے لیے 2021 میں ای پروکیورمنٹ پروجیکٹ شروع کیا تھا۔ یہ صوبے میں پبلک پروکیورمنٹ مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط کرے گا جس کا مقصد کارکردگی، شفافیت، احتساب، پیسے کی قدر اور کاروباری ترقی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے نتیجے میں پبلک پروکیورمنٹ میں عوامی اخراجات کی 5-30فیصد تک کی خاطر خواہ بچت ہوگی جو کہ مختلف مطالعات کے ذریعہ رپورٹ کیا گیا ہے۔
ای پروکیورمنٹ سسٹم ویب پر مبنی حل پر مشتمل ہو گا جہاں حکومت پنجاب کے تمام ڈپارٹمنٹس کو خریداری کی رسائی حاصل ہوگی۔ تقریب میں ڈاکٹر سہیل انور، سیکرٹری پی اینڈ ڈی، مقبول احمد گوندل، ایم ڈی ایف پی پی آر اے، مسعود انور، ممبر آئی ٹی پی اینڈ ڈی، محمد اسلم وسیم، ڈی جی لیگل ایف پی پی آر اے، طارق جاوید، پروجیکٹ منیجر نے بھی شرکت کی۔