لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عشرہ شان رحمت للعالمین ؐکی تقریبات کے سلسلے میں لاہور چیمبر میں سیرت النبی ؐکانفرنس کا انعقاد کیا جس میں مقررین نے حضور نبی اکرم ؐ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر طارق شریف زادہ تھے ۔جبکہ کمشنر لاہور ڈویژن محمد عامر جان، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود نے بھی خطاب کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ڈاکٹر طارق شریف زادہ نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ کا مختصر ترین اور جامع تعارف ’’رحمت‘‘ ہے، اگر ہم اس طریقے پر چلیں جس طرح نبی اکرم ؐاپنے دشمنوں کے ساتھ پیش آتے تھے تو ہماری زندگی بہت آسان ہوجائے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن محمد عامر جان نے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ ہمارے لیے باعث رحمت ہے جسے عاشقان رسول ؐپورے ایمان کے ساتھ مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐسے گہری محبت ہمارا ایمان ہے اور نبی کریم ؐکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی تمام مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود نے کہا کہ نعت رسولؐسے محبت کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے جس سے ایمان مضبوط ہوتا ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ نبی اکرم ؐکی پوری زندگی پوری دنیا کے ہر فرد کے لیے ایک نمونہ ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اللہ اور یوم آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔
لاہور چیمبر میں سیرت النبی ؐکانفرنس ،حضورؐ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پرروشنی ڈالی گئی
Oct 14, 2022