حیدرآباد(بیور ورپورٹ)محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے گندم کوٹہ کی غیر منصفانہ تقسیم۔ عوام کو آٹا فراہم کرنے والی آٹا چکیوں کو انتہائی کم سرکاری گندم کوٹہ کی فراہمی جیسی صورتحال کے خلاف آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کی دو روزہ ہڑتال کے پہلے روز جمعرات کو حیدرآباد بھر آٹا چکیوں نے شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی۔اور چکیوں پر احتجاجی بینرز آویزاں کئے ۔ اور آٹے کی سپلا ئی مکمل طور پر بند رکھی گئی۔جس کے باعث شہریوں کو چکی آٹے کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہڑتال کو کامیاب بنانے میں آٹا چکی مالکان کے بھرپور تعاون پر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد میمن نے چکی مالکان کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نائب صدر فاروق راٹھورجنرل سیکریٹری حاجی نجم الدین چوہان۔جوائنٹ سیکریٹری فاروق قمر، خازن شفیق قریشی اور اطلاعات سیکریٹری ملک محمد ہارون اور ممبرز آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اگر محکمہ خوراک سندھ نے گندم کی غیر منصفانہ تقسیم اور عوام کے آٹے کی ضرورت کے مطابق آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کوٹہ میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔حاجی محمد میمن نے کہاکہ محکمہ خوراک سندھ کے افسران صورتحال کی نزاکت کو سمجھنے اور عوام کو پریشانیوں سے نجات دلانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔رولر فلور ملز کو بہت زیادہ گندم کوٹہ دے کر ان سے نمائشی اسٹالز لگواکر محض فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ اور شہری رولر فلور ملز کا سستا آٹا کے حصول میں پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے فوڈ گرین گوداموں میں گندم اسٹاک کی انتہائی تشویشناک صورتحال ہے اس جانب فوری توجہ نہ دی گئی تو نومبر کے آخر یا دسمبر کے آغاز میں گندم کا بحران شدت اختیار کرسکتا ہے۔ جس کی تما م تر ذمہ داری محکمہ خوراک سندھ کے افسران پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہڑتال کے دوسرے روزجمعہ کو بھی آٹا چکیاں بند رہیں گی۔نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدرآباد کے چئیر مین شاہد سومرو اور دیگر نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قاسم آباد کے مکینوں کو سستا آٹے کی فراہمی خواب بن کر رہ گیا ہے پکوڑا چوک قاسم آباد کی مین کیمپ تو کافی دن سے ویران تھی اب کیمپ ہی ختم کردی گئی غریب طبقہ دو وقت کی روٹی سے بھی اب محروم ہے قاسم آباد کی دکانوں پر آٹا بدستور دس کلو کا تھیلا 1200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے سستا آٹا اسکیم سے پہلے قاسم آباد کے عوام کو ریلیف مل رہا تھا 650 میں دس کلو صاف اور بہترین اقسام کا غریب عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جارہا تھا جو اب دس روز سے بند کردیا گیا ہے اور اب کیمپ بھی ختم کر دیا گیا ہے جس سے قاسم آباد کے عوام مایوسی کا شکار ہیں۔قاسم آباد کی عوام کو سستا آٹا ریلیف میں شامل کرتے ہوئے پکوڑا,اسٹاپ سمیت مزید ضلعی انتظامیاں کو ایسی سستا آٹا کیمپ کھولنے کی ضرور ت ہے ہم ڈپٹی کمیشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو سے مطالبہ کرتے ہیں کے عوام کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور سستا آٹے کا ایک ٹرک پکوڑا چوک کی کیمپ پر غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے احکامات جاری کرے ۔
شٹرڈاﺅن ہڑتال