اسلام آباد(نا مہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے بجلی کی بندش کی وجوہات نہ بتانے پر نیشنل ٹرانسمیشن ڈیسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی)حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔، کمیٹی نے سی ای او کے الیکٹرک کو گرفتار کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے،کمیٹی نے گدو پاورپلانٹ کی مرمت پر اخراجات کی تفصیلات بھی مانگ لیں،چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاورڈویژن بھی کے الیکٹرک کی کرپشن میں شامل ہے، یہ پاور ڈویژن کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے گا، کے الیکٹرک پورے سسٹم کے منہ پر کالا دھبہ ہے۔جمعرات کوسینیٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جنوبی علاقوں میں بجلی کہاں اورکیوں ٹرپ ہوئی تاہم این ٹی ڈی سی حکام بتانے میں ناکام رہے۔ وزارت بجلی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کے جنوبی حصے اندھیرے میں ڈوب چکے ہیں، این ٹی ڈی سی کی لائن ٹرپ کر گئی ہے۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سوال کیا کہ کس علاقے میں ٹرپ ہوئی کوئی خاص مقام تو ہو گا۔این ٹی ڈی سی کے حکام نے کہا کہ تفصیلات شیئر کرنے سے زیادہ بے چینی پھیلے گی، فیسکو کے 2گرڈ اسٹیشن ٹرپ کر گئے ہیں۔حکام نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کو صبح پتہ چلا کہ بلیک آوٹ ہوا ہے، 500کے وی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی پیدا ہوئی ہے، حیسکو، سیپکو اور کیسکو کو بجلی کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی چیز کا پتہ ہی نہیں، بادشاہ آدمی ہیں، آپ کو پتہ ہی نہیں ایسے ہی بات کر رہے ہیں۔سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ آپ کو کسی چیز کا پتا ہی نہیں بادشاہ آدمی ہیں، ملک میں ٹرانسمیشن لائنوں کا جنازہ نکلاہوا ہے۔سی ای او کے الیکٹرک قائمہ کمیٹی میں شریک نہ ہوئے، جس پر کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ یہ غنڈہ ہے، دادا گیر ہے، یا کیا ہے، کے الیکٹرک کا وقت گزر گیا،بجلی خرید و فروخت کا معاہدہ نہیں ہوپایا، کے الیکٹرک کے اعلی سطح کے ذمہ داران کمیٹی میں کیوں نہیں آئے؟، کیا کے الیکٹرک حکومتی کنٹرول میں نہیں ہے؟۔ سیف ابڑو نے کہا کہ پاور ڈیویژن بھی کے الیکٹرک کی کرپشن میں شامل ہے، وزیر صاحب کمیٹی میں آ کر کے الیکٹرک کی کارکردگی پر بریف کریں۔چیئرمین کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث کراچی میں لوگوں کا جینا حرام ہے،صورتحال یہ ہے دو ہزار پندرہ سے بجلی کی خرید و فروخت کا معاہدہ نہیں ہورہا، آخر ایسا کونسا مافیا ہے کہ یہ معاہدہ نہیں کرنے دے رہا، پاور ڈویژن کے الیکٹرک کی کرپشن میں ملوث ہے۔وفاقی وزیر توانائی کی اجلاس میں عدم شرکت پر بھی کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے سی ای او کیالیکٹرک کو آئندہ اجلاس میں پیش ہونے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کمیٹی کو اہمیت نہیں دے گا تو گرفتاری کا حکم بھی دے سکتے ہیں۔کمیٹی نے گدو پاورپلانٹ کی مرمت پر اخراجات کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔
برہم
قائمہ کمیٹی پاور بجلی بندش کی وجوہات نہ بتانے پر این ٹی ڈی سی حکام پر برہم
Oct 14, 2022