ویمنز ایشیا کپ ‘سنسنی خیز مقابلہ ‘پاکستان کو ایک رن سے شکست ‘سر ی لنکافائنل میں 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیدی۔سری لنکا کے 122 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں پر 121 رنز بناسکی۔آخری بال پر جیت کیلئے3 رنز درکار تھے تاہم اس موقع پر ندا ڈار دلہاری اور وکٹ کپیر سنجیونی کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوکر رن آئوٹ ہوگئیں ۔کپتان بسمہ معروف 42 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں، ندا ڈار نے 26 اور اوپنر منیبہ علی نے 18 رنز بنائے، انوکا رانا ویرا نے دو جبکہ سگندیکا کماری اور کویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کی انوکا رانا ویرا کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سری لنکا نے 6 وکٹوں پر 122 رنز بنائے، ہرشیتا سمارا 35 اور انوشکا سنجیونی 26 رنز بنا کر نمایاں رہیں، نشرح سندھو نے تین، سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور ایمن انور نے ایک ایک کھلاڑی کوآئوٹ کیا۔ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے تھائی لینڈ کو 74 رنز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔بھارتی ٹیم کے 148 رنز کے جواب میں تھائی لینڈ کی ویمنز ٹیم 9 وکٹ پر 74 رنز بناسکی۔بھارتی بیٹر شیفالی ورما کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ایونٹ کا فائنل کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائیگا۔ 

ای پیپر دی نیشن