لاہور (سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان جونیئر لیگ میں گوادر شارکس کے کوچ مشتاق احمد نے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق کہاہے کہ شاہین کو آسٹریلین پچز پر مشکل ہو سکتی ہے۔شاہین آفریدی میچ ونر ہیں آسٹریلین پچز کیلئے ان کی فٹنس عروج پر ہونی چاہیے۔ آسٹریلین پچز ہارڈ ہوتی ہیں۔ شاہین آفریدی کی کمر اور گھٹنے پر سارا وزن پڑے گا۔ گھٹنے کی تکلیف کے بعد آنے کی وجہ سے آسٹریلین پچز پر انہیں مشکل ہوسکتی ہے، میرے گھٹنے کے3 آپریشن ہوئے مجھے آسٹریلین کنڈیشنز کا اندازہ ہے وہاں گراؤنڈ نرم اور پچز سخت ہوتی ہیں سارا وزن گھٹنے اور کمر پر پڑتا ہے اس کیلئے مسلز مضبوط اور فٹنس عروج پر ہونی چاہیے۔ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان ٹیم کے بارے میں غلط اندازے قائم نہیں کرنے چاہئیں، مڈل آرڈر میں تھوڑی تبدیلی کریں، شاداب خان کو مسلسل اوپر کھلایا جا سکتا ہے، پاکستان ٹیم 160, 170 رنز کرتی ہے تو بائولرز دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان جونیئر لیگ میں اچھے سپنرز نظر آ رہے ہیں، لیفٹ آرم چائنا مین کی تلاش ہے، مومن کی شکل میں ہمیں وہ نظر آ رہا ہے، پاکستان جونیئر لیگ سے ہمیں ہیرے ملیں گے۔