الیکشن ڈیوٹی سے گریز، دو کالج اساتذہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

Oct 14, 2022

کراچی(نیوز رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضلعی الیکشن کمشنر ساؤتھ نے گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج کے دو اساتذہ  اسسٹنٹ پروفیسر محمد سہیل خان اور اسسٹنٹ پروفیسر سردار بخش اوڈھو کو الیکشن ڈیوٹی میں عدم دستیابی پر گرفتار کرنے کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔ دستاویزات کے مطابق ضلعی الیکشن کمشنر ساوتھ اور ریسٹرنگ آفیسر ون یوسی 7 تا یوسی 8 ، افتخار حسین نے سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس سائوتھ کو خط لکھا ہے کہ گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد سہیل خان نے نیشنل ٹاسک یعنی بلدیاتی انتخابات 2022 دوسرا مرحلہ کے انعقاد میں تعاون سے گریز کیا ہے جو آئین کے آرٹیکل 218(3)کے مطابق انتخابات کے موثر انعقاد کے خلاف ہے۔ زیر دستخطی نے وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس لئے درخواست کی جاتی کہ محمد سہیل خان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں 14اکتوبر 2022 کو صبح 10:00 بجے ضلعی الیکشن کمشنر ساوتھ کے سامنے پیش کریں ۔ضلعی الیکشن کمشنر ساوتھ نے گورنمنٹ ڈی جے سائنس کالج کے اسسٹنٹ پروفیسر سردار بخش اوڈھو کی بھی گرفتاری کے لئے ایسا ہی ایک خط ایس ایس پی سائوتھ کو لکھا ہے۔ ادھر مذکورہ خطوط لکھے جانے کے بعد اساتذہ برادری میں بے چینی پھیل گئی ہے اور تشویش پائی جا رہی ہے ، اساتذہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے افسر کو سینیئر افسر کے ساتھ اس طرح کا رویہ روا نہیں رکھنا چاہئے ۔

مزیدخبریں