کراچی(نیوز رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 140اے کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبہ میں بلدیاتی قانون میں اختیارات پر مثبت پیش رفت ہوئی۔ اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سابق میئر کراچی وسیم اختر،سابق وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی صادق افتخار شریک تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن،وزیر بلد یات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر محنت سعید غنی نے کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیاکہ صوبہ میں سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق با اختیار بلدیاتی قانون بنایا جائے گا۔ گورنر سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی قانون صوبہ کے عوام کی خواہشات کا آئینہ دار ہونا چاہیئے، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں کو عوام کا مینڈیٹ حاصل ہے، اس لئے عوام کی امنگوں کے مطابق بلدیاتی قانون تشکیل دیا جائے۔
گورنر سندھ/ بلدیاتی قانون