کراچی/ لاہور (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ قومی کھیل کے ساتھ کھلواڑ کررہا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کھیلوں کی تباہی کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور اسپورٹس فیڈریشنوں کے معاملات میں غیر آئینی مداخلت کرکے کھیلوں کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک خود مختار ادارہ ہے جوکہ پی ایچ ایف آئین کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) اور انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او سی) سے بذریعہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن الحاق رکھتی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے انتخابات برائے سال 2022-2026 ایف آئی ایچ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے تسلیم کیئے جاچکے ہیں ۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنے آئین کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ سے محض گرانٹس اور فنڈز کی بابت معاونت کرتی ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے یکے بعد دیگرے کئی غیر آئینی لیٹر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جاری کئے گئے ہیں جنکی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور اس بارے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن باقاعدہ تحریری طور پر پاکستان سپورٹس بورڈ کو مطلع بھی کرچکی ہے۔ چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ، آل پاکستان نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ بہاولپورسمیت ملائشیا میں ہونے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہاکی تربیتی کیمپ غیر ملکی کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کی زیرنگرانی عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملک بھر میں ضلع سے لیکر قومی سطح تک کوئی متوازی تنظیم موجود نہ ہے اور نہ ہی اس بابت کوئی کیس کسی عدالت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف آئین کے مطابق کسی کمیٹی کو یہ اختیارات حاصل نہیں ہیں کہ وہ ایڈہاک کی صورتحال پیدا کرے یا منتخب عہدیداران کی جگہ اپنے من پسندیدہ افراد کو تعینات کرے۔