لاہور(سپورٹس رپورٹر)سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7وکٹوں سے شکست دیدی،کرائسٹ چرچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور6 وکٹوں پر 173 رنز بنائے۔ لٹن داس اور کپتان شکیب الحسن نے بالترتیب 69 اور 68 رنز بنائے۔ نجم الحسین شنتو 12 اور سومیا سرکار 4 رنز بناکر پویلین لوٹے،عفیف حسین 11 اور یاسر علی ایک رن بناسکے۔ نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین ایک رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ نسیم شاہ نے 27رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر نے 2 ‘ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا،ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر محمد رضوان اور بابراعظم نے ایک اور سنچری پارٹنرشپ قائم کی، بابراعظم نے 55 رنز سکور کیے جبکہ رضوان نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حیدر علی ایک بار پھر فلاپ ہو گئے اور پہلی ہی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ ، محمد نواز نے 20 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔قومی ٹیم نے ہدف تین وکٹوں پرپوراکرلیا۔محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔بنگلہ دیش کی مسلسل چوتھی شکست تھی۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان فائنل میچ آج کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا،میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7بجے شروع ہوگا۔