لاہور(خبرنگار)کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے انسداد سموگ مشن کے حوالے سے سائیکل کلچر فروغ کیلئے کہا ہے کہ جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ پر سائیکلنگ ٹریک لوپ بناکر سائیکلنگ کو محفوظ بنائیں گے۔ ہر اتوار کو شہر میں سائیکلنگ میٹ اپ اور ایونٹ ہوگا۔ تمام محکمے ہر اتوار کو شہر میں سائیکلنگ ایونٹ کی میزبانی کرینگے۔ سائیکلنگ فیملی ایونٹ عصر تا مغرب ہوگا۔ سائیکل ریس نہیں ہوگی۔ صرف سائیکلنگ ہوگی۔ تمام ریستورانوں سے رابطہ کرکے سائیکلز پر آنےوالے کسٹمرز کو ڈسکاونٹ آفر کرائیں گے۔ سائیکلنگ کے شوقین افراد کیلئے شہر کے مختلف اہم مقامات پر سائیکل آن رینٹ کی آپشن دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ مقصد گاڑیوں کا استعمال کم کرکے ایئر کوالٹی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنا کردار ادا کریں۔ گاڑیوں کا صرف ضروری استعمال کریں۔ گرد اور دھویں کا باعث بننے والے تمام عناصر پر دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ گرین بیلٹس میں ملبہ پھینکنے اور عمارتی ملبہ پبلک پلیس یا اوپن رکھنے پر متعلقہ افراد و مالکان کو وارننگ نوٹس دیئے جارہے ہیں۔ تمام محکموں کے پراجیکٹس پر ہارٹیکچر ورک پی ایچ اے کے ذمے ہے۔ سٹینڈرز پر ہارٹیکلچر ہونا چاہئے۔