لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ دینے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں جلسہ کی اجازت نہیں تو پھر کسی سیاسی جماعت کو نہیں ہوگی۔ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ، جلاﺅ گھیراﺅ کیا۔ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ درخواست گزار ڈی سی لاہور کو کسی دوسرے مقام پر جلسہ کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں پی ٹی آئی وکیل کو متبادل جگہ کیلئے ڈی سی لاہور کو نئی درخواست دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپ کسی دوسری جگہ کیلئے درخواست دے دیں، ڈپٹی کمشنر پیر تک جلسہ کیلئے نئی جگہ کی درخواست پر فیصلہ کریں۔ عدالت نے درخواست مذکورہ یقین دہانی پر نمٹا دی۔