لاہور+ ننکانہ صاحب (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ننکانہ صاحب ماڈل تھانہ صدر میں نئے سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ کیمروں کی مدد سے شہر کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، آپریشن و مانیٹرنگ روم اور ڈیٹا روم کا بھی معائنہ کیا۔ ننکانہ صاحب میں 136 سے زائد کیمرے نصب کئے ہیں۔ منصوبے پر کل لاگت 35 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ لاگت میں 5 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ لوکل اور انٹرنیشنل کمپنیوں نے ملکر لگایا۔ دونوں کمپنیاں 3 سال کے لیے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہونگی۔ ننکانہ صاحب سیف سٹی پراجیکٹ کو لاہور سیف سٹی سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں سیف سٹی پراجیکٹ کے آغاز سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس -100ارب روپے سے بننے تھے، ہم -17ارب روپے سے بنائیں گے۔ کوشش ہے کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس 120دنوں میں مکمل کریں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کئے گئے۔ چاروں صوبوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی یا انتہاپسندی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ پنجاب میں محکمہ سیاحت سکھ یاتریوں کیلئے خصوصی سیاحتی پیکیج متعارف کرانے جارہا ہے۔ سکھ یاتریوں کے وزٹ پیکیج میں رہائش، کھانا، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں دی جائیں گی۔ دنیا بھر میں ٹورزم سے زرمبادلہ کمایا جا رہا ہے، کئی ممالک کی معیشت کا انحصارسیاحت پر ہے۔ سکھ برادری اور یاتریوں کو جتنی سہولتیں دے سکے، دیں گے۔ سیالکوٹ میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا تھا، پولیس نے 24گھنٹے میں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ بجٹ کے اندر ہی رہ کر گزارا کرنا ہے، ہسپتالوں کے بجٹ کو جلد بڑھائیں گے۔ عوام کا پیسہ، عوام کی امانت ہے، جتنے دن ہیں کوشش ہے ایک پائی بھی ضائع نہ ہو۔ ہسپتالوں میں مریض زیادہ ہیں، ادویات مہنگی ہیں جسے بیلنس کررہے ہیں۔ سموگ کے تدارک کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروا رہے ہیں۔ آرمی کا ادارہ لمز فصلوں کی سٹیلائٹ کے ذریعے تصاویر بھیجتا ہے۔ رواں سال لاہور کی ائیرکوالٹی گزشتہ سالوں سے کچھ بہتر ہے، سموگ کا لیول کنٹرول رہا تو سکول بند نہیں کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان کادورہ کیا۔ کنواں امرت جل کے پانی کی بوتلوں میں پیکنگ کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پانی کو بوتلوں میں پیک کرکے سکھ یاتریوں کو دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے بابا گروونانک کے جنم استھان پر حاضری دی۔ محسن نقوی اور وفد نے پاٹ سنا۔ وزیراعلی محسن نقوی اور وفد کے ارکان کو عزت واحترام کے لئے سروپہ پہنائے گئے۔ وزیراعلی خصوصی طور پر لنگر ہال گئے اور سکھ برادری کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ سکھ برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اورگھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ کیولری گراو¿نڈ سے گھوڑا چوک تک سوا کلو میٹر پیدل چل کر دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کے مسلسل دورے اور روزانہ مانیٹرنگ سے منصوبوں پر کام کی رفتارمیں تیز ی آئی ہے۔ خالد بٹ چوک انڈرپاس اکتوبر میں ہی ٹریفک کے لیے کھلنے کا قوی امکان ہے۔
ننکانہ سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح، دہشتگردی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے: محسن نقوی
Oct 14, 2023