قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کیلئے نوازشریف کا لانا ہو گا: شہبازشریف

فیروز والہ شیخورہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔ فلسطین تباہ ہو گیا تو دنیا بھی ختم ہو جائے گی۔ فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے۔21 اکتوبر کو میاں نواز شریف پاکستان پہنچیں گے اور جہاں سے ترقی کا سفر رکا تھا وہاں سے شروع کریں گے۔ اگر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو نواز شریف کو لانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ونڈالہ دیال شاہ فیروزوالہ میں بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا تنویر حسین، پیر اشرف رسول، میاں عبد الرو¿وف، رانا انوار الحق، محمود اختر گورایہ، حاجی ریاض احمد گجر اور دیگر کارکان بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا نواز شریف میرا لیڈر ہے۔ نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی ختم کی۔ اگر پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو ریاست تباہ ہو جاتی۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ پاکستان دوبارہ ترقی کرے تو 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پہنچیں۔ نواز شریف آئیں گے تو لوگوں کو روزگار ملے گا۔ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ نواز شریف آئیں گے تو آٹا اور بجلی سستی ہوگی۔ ہم نے ریاست بچائی اور سیاست کو نقصان پہنچایا۔ سیاست بھی واپس آئے گی۔ ہم نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اگر پاکستان دیوالیہ ہوجاتا تو سیاست، جلسے ہوتے اور نہ ہی نواز شریف واپس آسکتے تھے۔ میرے مخالفین مجھ سے 16 ماہ کی کارکردگی کے بارے میں سوالات اور تنقید کرتے ہیں، میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بطور وزیراعظم ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ وزیراعظم بننے کے بعد طے کرلیا تھا کہ جان چلی جائے مگر پاکستان ڈیفالٹ نہ ہو۔ آپ نے نوازشریف کے استقبال کیلئے نکلنا ہے اور پھر اسے اقتدار میں لانا ہے۔ اگر اللہ نے چاہا تو نواز شریف اقتدار میں آکر پاکستان کے تمام مسائل کو حل کردے گا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ نواز شریف ملک سے دہشت گردی، مہنگائی، بجلی کی قیمتیں کم کردے گا۔ قائد اعظم کے پاکستان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نواز شریف کو لانا ہوگا۔ نواز شریف کی لیڈر شپ میں ملک کو قائد کا پاکستان بناکر دم لیں گے۔ میری خدمات آپ کے سامنے ہیں۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو اپنے بہن بھائیوں کے درمیان ہوں گے۔ مخالفین نے نیا ماڈل لاکر بدترین سازش کی۔ غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں تو نواز شریف کو لانا ہوگا۔ پورے پاکستان میں دانش سکول بنیں گے۔ انشاءاللہ پاکستان عظیم بنے گا۔شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جلسہ میں چوہدری محمود الحق شاہین، چوہدری سجاد حیدر گجر، محمد عارف خان سندھیلہ، میاں عبدالرﺅف، حاجی محمد نواز، حاجی افتخار احمد بھنگو سمیت نواز لیگ حلقہ پی پی 143 کے امیدوار چوہدری شہباز چھینہ، حلقہ پی پی 141 کے امیدوار امجد نذیر بٹ، حلقہ پی پی 139 کے امیدوار حاجی طارق محمود ڈوگر، سابق تحصیل ناظم فیروزوالہ رانا انوارالحق، سابق چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل جہانزیب خان و دیگر پارٹی رہنما اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ای پیپر دی نیشن