اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے اجلاس میں حکومت سمیت دیگر جماعتوں کے مسودوں پر اتفاق رائے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ان کے گھر میں ہوا جہاں مجوزہ حکومتی مسودے کے علاوہ جمیعت علمائے اسلام اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مسودوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مسودوں کے اختلافی پوائنٹس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ آج اپنی رپورٹ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی میں پیش کرے گی۔ خیال رہے کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پی پی پی رہنما خورشید شاہ کی زیر صدارت پیر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودوں پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
آئینی ترامیم: وزیر قانون کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کا اجلاس، اتفاق رائے کی کوشش
Oct 14, 2024