اقوام متحدہ امن فوج کو لبنان کی سرحد سے ہٹائے: اسرائیلی وزیراعظم 

Oct 14, 2024

تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج یونی فِل کو لبنان سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یونی فل افواج کو فوری لبنان کی سرحد سے ہٹایا جائے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فوج کئی مرتبہ یونی فل افواج کو لبنان کی سرحد سے نکل جانے کا کہہ چکی ہے تاہم یونی فل افواج وہاں سے نہیں گئیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ یونی فل افواج حزب اللہ کو انسانی ڈھال مہیا کررہی ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میں اسرائیل لبنان سرحد پر تعینات یونی فل افواج پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں یونی فل کے 5 اہلکار زخمی ہوچکے ہیں تاہم ان حملوں کے باوجود یونی فل کی جانب سے سرحد چھوڑنے سے انکار کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں