لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی فون پر بات ہوئی، اسد قیصر نے لیاقت بلوچ کے بیان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تحریک انصاف کو بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات پر پابندی پر سخت تشویش ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عمران خان سے فوری ملاقات کرائی جائے۔ لیاقت بلوچ نے اسد قیصر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی کا اصولی موقف ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان اور کسی بھی قیدی حوالاتی کی ملاقات پر پابندی عائد نہیں ہونی چاہیے۔ احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد میں 15،16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو پرامن ماحول میں ہونے دیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا ہر پارٹی اس قدم پر احتجاج سے اجتناب کرے، 17 اکتوبر سے احتجاج کا حق پوری قوت سے کیا جا سکتا ہے۔