راولاکوٹ‘ سرینگر (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) کل جماعتی کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھونگ انتخابات مسترد کرتے ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا ڈھونگ کسی صورت کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ آل پارٹیز کانفرنس فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتی ہے۔ او آئی سی فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ آل پارٹیز کانفرنس وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر کی مالی مشکلات میں معاونت پر اظہار تشکر کرتی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع کپواڑہ میں بھارتی پیرا ملٹری بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی۔ جنوری 2007ء سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 607 ہو گئی ہے۔ غیرقانونی طور پر نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی دفعہ370 اور عوام سے چھینے گئے دیگر حقوق کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے بعد جموں کے مشہور رگھوناتھ بازار کے دکانداروں نے دربار موو کی روایت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 149سال پرانی ششماہی روایت کو جس میں دارالحکومت ہر چھ ماہ بعد سرینگر سے جموں منتقل ہوتا تھا، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی انتظامیہ نے 2021ء میں روک دیا تھا ۔ دکانداروں نے کہا کہ دربار موو کی بندش سے ان کے کاروبار بری طرح متاثر ہوئے ہیں جس سے تجارتی محصولات میں زبردست کمی ہوئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابی ڈھونگ مسترد، او آئی سی فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوائے: اے پی سی
Oct 14, 2024