منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار) منڈی بہاؤالدین میں ڈینگی کے وار جاری ہیں۔ ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ منڈی بہاؤالدین کی 21 سالہ خاتون اقراء کو چند روز قبل ڈینگی مچھر نے کاٹا تھا۔ ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والی خاتون اقراء کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔ خاتون کے ہاں دو دن بعد بچے کی پیدائش ہونا تھی۔ خاتون کو ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بچہ ماں کے پیٹ کے اندر ہی فوت ہوا۔ ڈاکٹرز نے آپریشن کر کے بچے کو پیٹ سے نکال لیا۔ خاتون ڈی ایچ کیو ہسپتال منڈی بہاؤالدین میں داخل رہی۔ خاتون کا انتقال لاہور کے ہسپتال میں ہوا۔ مرحومہ کی نماز جنازہ منڈی بہائوالدین میں ادا کی گئی اور سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے مزید118 کیسز رپورٹ ہوئے۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی سے 102 ،لاہور سے 3 ،چکوال اور سیالکوٹ سے 2،2 جبکہ پاکپتن، چنیوٹ، منڈی بہائوالدین، رحیم یار خان، سرگودھا، فیصل آباد، اٹک، قصور اور گوجرانولہ سے ایک ،ایک کیس رپورٹ ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ایک ہفتہ میں 905 جبکہ رواں سال اب تک 3403 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے۔