امن و سلامتی کیلئے نبی کریم  ؐ کے فرمودات بہترین مشعلِ راہ، پیرنقیب الرحمن 

Oct 14, 2024

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لئے حضور نبی کریم  ؐ کے اعلی پاک فرمودات ہمارے پاس بہترین مشعلِ راہ ہیں۔ دلوں کی پاکیزگی اور اطمینان کے لئے یہ نہایت ضروری ہے جو کچھ ہماری زبانوں پر ہو وہی ہمارے دل میں ہو اور ہم ہر گز منافقت کا شکار نہ ہوں۔ ہمارے معاشرے میں مصطفی جانِ رحمت ؐکی یہی نورانی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت ہے کہ سب سے بڑی برائی کسی کا دل دکھانا اور لوگوں میں فتنہ پیدا کرنا ہے اور کینہ، بغض و عناد، منافقت اور جھگڑے کسی بھی طور پر ایک مسلمان کے لائق نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے امت مسلمہ اور بالخصوص وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، خوشحالی،ترقی،افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحادِ بین المسلین اور کشمیر، فلسطین اور لبنان کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔

مزیدخبریں