ملک وقوم کے مفاد میں پارلیمنٹ کو قانون سازی کاحق حاصل ہے: زبیر احمد ظہیر

Oct 14, 2024

لاہور( نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر‘ مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا مقصود احمد سلفی اور پروفیسر عدنان فیصل  نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کا پورا حق حاصل ہے۔ وہ ملک و ملت کے مفاد میں قانون سازی کر سکتے ہیں مگر کوئی چیز بھی ملک کے سپریم لاء قرآن و سنت اور قرارداد مقاصد سے متصادم نہیں ہونی چاہیے۔ سپریم کورٹ اور باقی عدلیہ کے تمام جج قابل احترام ہیں مگر نہ وہ معصوم عن الخطاء ہیں اور نہ وہ نوری فرشتے ہیں۔ ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے۔ اس لئے اللّٰہ تعالیٰ نے سورت النساء کی آیت نمبر 59 میں واضح کر دیا گیا ہے کہ ہر ادارے اور ہر بڑے سے بڑے انسان سے غلط فیصلہ بھی ہو سکتا اور اس سے اختلاف بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایسے فیصلے صرف اور صرف اللّٰہ اور اس کے رسول ہی کے ہوسکتے ہیں ‘جس سے کوئی اختلاف نہیں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں کسی جگہ چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ یہ مقام اور مرتبہ صرف اللّٰہ تعالیٰ اور پیغمبر اسلام کا ہے۔حکومت جو بھی ترامیم کرنا چاہتی ہے وہ شوق سے کرے مگر اللّٰہ رسول کے علاوہ کسی اتھارٹی کا یہ حق نہیں ہے کہ جس کیساتھ اختلاف بھی نہ کیا جاسکتا ہو اور نہ ہی اس کے فیصلے کو کہیں چیلنج کیا جاسکتا ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت جو بھی ترامیم لانا چاہتی ہے وہ پہلے پاکستان کے آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کے بعد آگے بڑے۔ 

مزیدخبریں