لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک بھر سے 47 ہزار مرد اور 7 ہزار خواتین ارکان کے آن لائن اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک کا مقصد عوام کو حق دلانا ہے، جب تک راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہوگا جہدوجہد جاری رہے گی، حکومت کو ہر صورت بجلی کے بلوں میں کمی لانا ہو گی، مزید آئی پی پیپز کے معاہدوں کو ختم کر کے عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔ جماعت اسلامی اپنے ہی پلیٹ فارم سے سیاسی مزاحمت کرے گی، انتخابات میں کسی بھی پارٹی سے کوئی الائنس نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت دو روزہ ’’ٹیکنوفیسٹ پاکستان‘‘ کے آخری روز اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام لوگوں سے جان چھڑائیں گے جنہوں نے پاکستان کے یوتھ کو مایوس کیا ہوا ہے، ڈیموکریسی کی نرسری طلبہ یونین ہے، طلبہ یونین آئینی و جمہوری حق ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ طلبہ یونین کو فوری بحال کیا جائے اور انتخابات کروائے جائیں۔ آمر و ڈکیٹر نے طلبہ یونین پر پابندی لگائی تھی لیکن اب تو برائے نام جمہوریت پسند پارٹی مسلط ہیں۔ انتخابات کیوں نہیں کرواتی؟۔ جس ملک میں 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہو اس کی آئی ٹی کے سیکٹر میں ایکسپورٹ 3بلین ڈالر کچھ بھی نہیں ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انٹرنیٹ آہستہ کرنے اور مختلف پلیٹ فارم بلاک کرنے کی وجہ سے آئی ٹی سے وابستہ افراد پریشان ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کا بجٹ 4سو ارب روپے کا ہے جو کم نہیں ہے۔ سندھ کے تعلیم کا بجٹ عوام پر خرچ نہیں کیا جا رہا ہے، سارا بجٹ وزراء آپس میں تقسیم کرلیتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ مبارکباد کی مستحق ہے جس نے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے ٹیکنوفیسٹ کا انعقاد کیا۔جو کام بڑی بڑی کمپنیاں کرتی ہیں وہی کام اسلامی جمعیت طلبہ نے بغیر کسی معاوضے اور کاروباری غرض کے کیا۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ سندھ عمیر شامل لاکھونے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ مبارکباد کی مستحق ہے جس نے شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔اسلامی جمعیت طلبہ نے جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت ٹیکنو فیسٹ کا انعقاد کیا ہے۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ آبش صدیقی نے کہاکہ کراچی کے طلبہ و طالبات کو اندھیروں اور مایوسی سے نکالنے کے لیے ٹینکو فیسٹ کا موقع فراہم کیا ہے۔
عوام کو ریلیف دینا ہو گا‘ انتخابی اتحاد نہیں کریں گے‘ طلبہ یونین حق: حافظ نعیم
Oct 14, 2024