ملک کی ترقی نوجوانوں کو ہنر سکھائے بغیر ممکن نہیں: گورنر پنجاب

Oct 14, 2024

ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کو بامقصد تعلیم فراہم کرنے اور ہنر سکھائے بغیر ممکن نہیں۔ جن قوموں نے دنیا میں ترقی کی انہوں نے سب سے پہلے اپنی نوجوان نسل کو فنی تعلیم سے آراستہ کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو ای کامرس کی طرف راغب کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ ساہیوال کے دوران نواحی گاؤں 57/5-L میں ''سکل فار آل پروگرام'' کے تحت ایک سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو یونیورسٹی آف ساہیوال کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ ڈاکٹر شفیق حسین نے قائم کیا ہے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو گھر بیٹھے تعلیم فراہم کی جا سکے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ موجودہ چیلنجزکے دور میں ہنر ہی قوموں کی بقاء کا واحد راستہ ہے اور ہندوستان نے اپنے نوجوانوں کو کمپیوٹر میں تعلیم دے کر ہی دنیا کی ایک مضبوط معیشت کا درجہ حاصل کیا۔ اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈاکٹر شفیق حسین نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آن لائن ایسے پروگراموں میں تربیت فراہم کی جائے گی جن کی مارکیٹ ڈیمانڈ ہے اور انہیں کسی کالج و یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔انہوں نے شہداء کے بچوں، یتیم بچوں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی مدد حاصل کرنے والوں کے بچوں کو یہ کورسز مفت کرانے کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں