لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر ذاکر نائیک کے صاحبزادے ڈاکٹر فارق نائیک نے کہا کہ حقیقی ہندو یہی کہے گا کہ ہم ایک خدا کو مانتے ہیں لیکن عام ہندو کہتا ہے کہ تمام چیزیں خدا ہیں۔ مگر مسلمان کہتے ہیں کہ تمام چیزیں خدا کی ہیں، یہی مسلمان اور ہندو میں فرق ہے۔ ہندو مذہبی کتاب بھگوت گیتا سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے، اِس کتاب کے مطابق خدا ایک ہی ہے، اس کا کوئی ماں باپ نہیں، اس کا کوئی عکس نہیں، کوئی تصویر نہیں۔ اس کتاب کے مطابق بت پرستی نہیں کرنی چاہیے۔ سب سے اہم چیز ہے کہ ہم ایک خدا کی عبادت کریں۔ ڈاکٹر فارق نائیک نے بادشاہی مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو کوئی مذہب صحیح طریقہ سے سمجھنا ہے تو اس کی مذہبی کتاب پڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلمان ہو ہی نہیں سکتا جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو نہیں مانتا، ہم مانتے ہیں، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے کئی معجزے کیے۔ مردوں کو زندہ کیا۔ عیسائی اور مسلمان ایک ساتھ جا رہے ہیں لیکن بہت سے عیسائی کہتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام خدا ہے، لیکن ایسا تو بائبل میں کہیں نہیں لکھا اور پھر حضرت عیسٰی علیہ السلام نے کبھی نہیں کہا کہ میں خدا ہوں یا میری عبادت کرو اور بائبل میں لکھا ہے کہ اگر آپ بائبل کی کسی بات کے خلاف جائیں گے تو آپ جنت میں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئو ایک رب کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ شریک کسی کو نہ ٹھہرائیں۔ قرآن مجید دنیا کے تمام انسانوں کیلئے ہدایت ہے۔ اللہ تعالٰی ایک ہے اور وہی عبادت کے لائق ہے۔
اﷲ ایک‘ صرف وہی عبادت کے لائق: ڈاکٹر فارق نائیک
Oct 14, 2024