معیارات کا عالمی دن آج، متعلقہ تنظیمیں ترقی کا سفر تیز کرنے میں مدد کریں: وزیراعظم

لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبرنگار خصوصی) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں معیارات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ معیارات کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میںکہا پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی دنیا کے دیگر ممالک سے اشتراک کے تحت پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ مقامی صنعت میں نفاست اور مسابقت کو فروغ مل سکے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار سٹینڈرڈائزیشن (ISO) کی جانب سے اس سال کا موضوع، "ایک بہتر دنیا کے لیے مشترکہ نقطہ نظر،" مینوفیکچرنگ اور سروسز دونوں شعبوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے میں اعتماد کے ضروری کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے پاکستانی شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے آٹوموٹو گاڑیوں کے لیے سخت حفاظتی معیارات مقرر کئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایس کیو سی اے نے کھانے کی مصنوعات میں صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹی ایسڈز (آئی ٹی ایف اے) پر 2 فیصد کی حد مقرر کی ہے، جو پاکستان میں امراض قلب کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ متعلقہ تنظیمیں اعلیٰ ترین عالمی معیارات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔

ای پیپر دی نیشن