لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ٹیکس گوشوارے کی تعداد میں اضافہ خوش آئند ہے ،جیسے جیسے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے حکومت کو چاہیے کہ پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر بوجھ کو کم کرے۔گوشوارہ جمع کرانے اور دستاویزی معیشت کیلئے حکومت اور ایف بی آر کو خوف و ہراس کے بغیر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم کا آغاز کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائلر ،نان فائلر اور لیٹ فائلر کے حوالے سے آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیل ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر زوہیب الرحمن زبیری،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی شیخ،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری، فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری ،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران صدیق بٹ،محمد شفیق راجپوت اور دیگر بھی موجود تھے۔ حبیب الرحمن زبیری نے کہا نان فائلر کیخلاف ایکشن سے محصولات کی وصولی حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ شرائط کا مقصد ٹیکس نظام میں مساوات اور انصاف کوترویج دینا ہے۔ حکومت اور ایف بی آر ایک بات ذہن نشین کر لے کہ خوف و ہراس سے ٹیکس نیٹ اور محصولات میں وقتی طور پر تو اضافہ ہو سکتا ہے لیکن یہ مستقل اور طویل نہیں ہوگا۔ سب سے پہلے ایف بی آر اپنا اعتماد بحال کرے۔