سعودی سرمایہ کاری،مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی ، توسیع کو ترجیح دی جانی چاہیے :میاں کاشف 

Oct 14, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے ملک کے صنعتی اور تجارتی شعبوں کی بحالی اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روز کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اس سرمایہ کاری کو صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کیلئے پوری طرح سے استعمال میں لایا جائے۔ اس سرمایہ کاری کو بنیادی ڈھانچے، توانائی اور مینوفیکچرنگ جیسے اہم شعبوں میں مکمل طور پر بروئے کار لانے کیلئے سٹریٹجک منصوبہ بندی اور شفافیت ضروری ہے۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی بحالی اور توسیع کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے کیونکہ یہ ترقی کیلئے انجن کے طور پر کام کرتا ہے۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی مکمل بحالی سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا جس سے ملک کے تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ مینوفیکچرنگ سیکٹر کے استحکام سے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مہارتوں کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا جو طویل مدتی اقتصادی استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی تشکیل اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کر کے مزید سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں