لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری 7 روزہ دورے پر خیبر پختون روانہ ہوگئے ہیں۔ چیئرمین سپریم کونسل پشاور سمیت مختلف اضلاع میں سیرت النبیؐکانفرنسز کے علاوہ ورکرز کنونشنز سے خطاب کرینگے۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ روانگی سے قبل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا اس وقت اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ نفرت سے نفرت ختم نہیں ہوتی بلکہ بڑھتی ہے۔ نفرت کو ختم کرنے کیلئے پیار، اتحاد اور درگزر کی ضرورت ہے۔ہمارے پیارے آقاؐ نے نہایت متشدد رویوں کا سامنا کیا۔ ظلم و جور برداشت کیا مگر آپؐ نے نفرت کا جواب محبت اور دعاؤں سے دیا۔