تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی شہر حیفا میں حزب اﷲ کے ڈرون حملے میں 12اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ڈرون حملہ حیفا شہر کے بن یامینا قصبے میں کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطایق ڈرون حملے میں 97 افراد زخمی ہو گئے۔ 9 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حزب اﷲ کے مطابق گولانی بریگیڈ کیمپ کو ڈرون کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کا پتا لگایا نہ ہی حملے کے سائرن بجے۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان سے آنے والے ڈرون نے اسرائیلی فوج کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کے مقام پر بڑی تعداد میں ایمبولینسز موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے ہیلی کاپٹروں کی بھی متواتر پروازیں جاری ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد اطراف کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ادھر جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے شدید جھڑپوں میں 25 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے لڑائی میں 25 اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔ شدید زخمی ہونے والوں میں اسرائیلی فوج کا ایک افسر بھی شامل ہے۔ عراقی مزاحمت کاروں کی جانب سے بھی اسرائیل پر ڈرون حملے کیے گئے۔ ادھر لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 15 شہری جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ امن فورس کے 5 اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ امن فورس پر حزب اللہ کو انسانی ڈھال دینے کا بھونڈا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ وہ جنوبی لبنان سے نکل جائے۔ دوسری جانب غزہ میں جبالیہ کیمپ کا اسرائیلی محاصرہ 9 روز سے جاری ہے۔ بمباری اور ڈرون حملوں میں 300 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔