لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کی گورننگ باڈی کا 99واں اجلاس منعقد ہوا جس میں رواں مالی سال کے لئے 34ارب 73 کروڑ کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پھاٹا سے پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ہاؤسنگ پراجیکٹ مکمل کرنے کا پلان طلب کرلیا۔ اجلاس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پورٹل پر 5لاکھ 44 ہزار لوگ پورٹل پر رجسٹرڈ ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں گھر بنانے کے لئے دولاکھ80ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لئے ڈرافٹ ایپلیکیشن 76ہزار سے زائد ہیں۔ گورننگ باڈی کے اجلاس میں پھاٹا کو معاہدہ سائن کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے درخواست دہندگان کے قواعد کی تصدیق کے عمل کو بروقت اور تیزی سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ گورننگ باڈی اجلاس میں پھاٹا کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے سکیل کو اپ گریڈ کرنے اور پھاٹا سروسز ریگولیشن 2004ء کے تحت سول سب انجینئرز کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں بجٹ کی منظوری کابینہ کی بجائے پھاٹا گورننگ باڈی کی اجازت سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سابق ہاؤسنگ سکیموں میں قرعہ اندازی میں نام نہ نکلنے والے درخواست دہندگان کے واجبات کی واپسی کی اجازت دے دی گئی۔ اجلاس میں پھاٹا،پی ایم یوکیلئے سٹاف ہائرنگ جاب پورٹل کے ذریعے کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پھاٹا کو زیر التواء ہاؤسنگ سکیموں کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کر منظوری کے بارے میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں رسیدات وصولیوں کا تخمینہ 17 ارب اور اخراجات کا تخمینہ 13 -ارب 55کروڑ روپے پیش کیا گیا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق جبیں،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایس ایم بی آر نبیل جاوید، سیکرٹری ہاؤسنگ،پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین حمید، انجینئر اکبر شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے شعور، تیاری اور موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت عوام کے تحفظ کے لیے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنگامی حالات کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس اور موٹر وے ایمبولینس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کے کنٹرول رومز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔