ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ‘انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ‘آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیدی 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ کو 10 وکٹوں جبکہ آسٹریلیا نے بھارت کو9رنز سے شکست دے دی۔شارجہ میں گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 110 رنز کا ہدف 10 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، میا بائوچر 62 اورڈینی ویٹ ہوج 51 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر 6 وکٹوں پر 109 رنز بنائے تھے۔سکاٹ لینڈ کو چاروں گروپ میچز میں شکست ہوئی جبکہ انگلینڈ تین میچز میں فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ اب تک ناقابل شکست ہے۔انگلینڈ ویمنز ٹیم آخری گروپ میچ کل ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گی۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ویمنزٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ ٹیم نے 8وکٹوں پر 151رنزبنائے ۔ گریس حارث 40‘کپتان تاہلیا میکگراتھ32‘الیسے پیری 32رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ رنیوکا سنگھ اور دیپتی شرما نے دو دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ بھارتی ویمنز ٹیم 9وکٹوں پر 142رنز بناسکی ۔ کپتان ہرمن پریت کور54رنز پر ناٹ آئوٹ رہیں مگر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار نہ کراسکیں ۔ تین کھلاڑی کھاتہ نہ کھول سکیں ‘چار کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکیں ۔ انابیل سدرلینڈ اورصوفائی مولیونکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ صوفائی مولیونکس کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

ای پیپر دی نیشن