حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹھس ہو کر رہ گئی۔ ضلع بھر میں جعلی دیسی گھی اور بیکری کی ناقص اور مضر صحت اشیاء کی فروخت بھی عروج پر پہنچ گئی۔جبکہ فوڈ اتھارٹی کے کارندے منتھلی لیتے دیکھائی دینے لگے۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں اسوقت جعلی دیسی گھی تیار کرکے ملک کے دیگر شہروں میں سپلائی کرنے کا مذموم دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے جبکہ شہر بھر میں بیکرز کا نہایت ہی ناقص اور مضر صحت سامان تیار کرکے فروخت کیا جارہاہے ۔اس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں مضر صحت اور کیمکل شدہ دودہ کی تیاری اور فروخت کو بھی ابھی تک نہ روکا جاسکاہے جس سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے ہیں لیکن پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ملازمین اور افسران نے اپنی منتھلیوں کے چکر میں چپ سادہ رکھی ہے جس پر شہریوںنے وزیر اعلی اور حکومت کے اعلی ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام افسران اور ملازمین کو فوری تبدیل کرکے یہاںپر فرض شناس اور دیانتدار عملہ تعینات کیا جائے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے بھیڑیوںکے خلاف کاروائی عمل میں آسکے ۔