حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں سموگ کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام محکموں کی جانب سے بھر پور اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ فصلوں کی باقیات جلانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، اینٹوں کے بھٹوں اور ایسی تمام فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف بلا تفریق سخت کروائی عمل میں لائی جائیگی جو سموگ کا باعث بنیں گی۔ محکمہ زراعت اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے سموگ کی روک تھام اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کے لیے کوئیک ریسپانس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ موٹر وے کے قریبی علاقوں میں سموگ کی روک تھام کے لیے محکمہ ریونیو، تحفظ ماحولیات اور زراعت کے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار سمو گ کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد سہیل ریاض، اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں ا شفا ق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات نوید احمد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ ریاض سمیت ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس، ضلع کونسل اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو جلانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی۔ فصلوں کی باقیات کو جلانے والے زمینداروں، کاشتکاروں کے خلاف سخت کاروائی کے لیے تمام ٹیمیں فیلڈ میں رہ کر کام کرینگی اور اگر کسی بھی زمیندار یا کاشتکار نے اپنی فصلوں کو آگ لگائی اور اسکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت سموگ کی روک تھام ،حفاظتی اقدامات کیلئے اجلاس
Oct 14, 2024