گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کے صدررانا محمد صدیق خاں اور چیئرمین احساس گروپ فرخ اعجاز کی قیادت میں وفد نے صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر سہیل شوکت سے لاہور انکے آفس میں ملاقات کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا ۔ وفد میں نیئر جمیل بلو بھٹی، رانا فرحان، ملک ندیم اور سفیان مہر بھی موجود تھے ،صوبائی وزیر سہیل شوکت نے صدر چیمبر رانا محمد صدیق خاں اور انکی نومنتخب رجیم کو چیمبر الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی اور فرخ اعجاز کو چیئرمین احساس گروپ بننے پر مبارکباد دی اس موقع پر صدر چیمبر رانا محمد صدیق خاں ، فرخ اعجاز اوردیگر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے معذور افراد کیلئے جو ''ہمت کارڈ '' کا اجرا کیا گیا وہ خوش آئند اقدام ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد صرف آٹھ ماہ کے عرصہ میں صوبے کو مثالی بنانے کیساتھ غریب عوام کو جو ریلیف فراہم کیا ہے اس کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اپنی ٹیم کیساتھ جس طرح دن رات محنت کررہی ہیں ۔ آنیوالا دور خوشحالی کا دور ہو گا ،ان کا مزید کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں بزنس کمیونٹی نے اپنی ترجمانی کیلئے ہمیں اقتدار سونپا ہے ،ہم چیمبر آف کامرس کو ملک بھر کے چیمبر میں مثالی چیمبر بنائیں گے اور بزنس کمیونٹی کے درپیش مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کروانے کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے۔آخر میں انہوں نے صوبائی وزیر سہیل شوکت کو گوجرانوالہ آنے کی دعوت بھی دی جس پر صوبائی وزیر نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کا دورہ کرینگے ۔گوجرانوالہ چیمبر کو آن بورڈ لیکر ''ہمت کارڈ '' کیلئے مزید اقدامات کرینگے اور چیمبر آف کامرس کو کیساتھ لیکر چلنے کا بھی عزم کیا ۔