اسلام آباد(خبرنگار)دنیا میں 56اسلامی ممالک ،اسی لاکھ سے زائد اسلامی فوج اور پونے دو ارب مسلمان ہیں تو امت مسلمہ کہاں ہے،کہ کفار متحد ہو کر غزہ ،لبنان ،ایران اور یمن میں مسلمانوں پر بمباری کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری جنرل عفت سجاد نے سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐنے باطل نظام کے خاتمے کے لیے اپنا 10 سالہ مدنی دور گھوڑے کی پیٹھ پر گزارا اور باطل نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اہل غزہ نے آپؐ کی سنت جہاد کو زندہ کیا اور ایمانی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہل بدر کی طرح اسرائیل کے خلاف ثابت قدمی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ آپؐکے مشن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے مسلمانوں کو ایک امت ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔ عفت سجاد نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے،اور مکہ اور مدینہ کے بعد مسلمان کے لیے تیسرا حرم ہے،جہاں ایک نماز پڑھنے کادرجہ پانچ سو نمازوں کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم لا چار نہیں ہیں،شکست خوردہ نہیں ہیں،یہ پیغام ہمیں حماس نے دیا ہے،ہم امت مسلمہ کا روشن مستقبل ہیں،فلسطین کے معاملے میں دو ریاستی حل کی بات ہم نہیں کرنے دیں گے،فلسطین صرف اور صرف مسلمانوں کا ہے۔