اسلام آباد(نامہ نگار) عالم دین امیر تحریک اصلاح امت پاکستان علامہ مفتی سعید احمد نقشبندی نے کہا ہے حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ سیاسی قائدین نئی آئینی ترامیم کی طرح عوامی مسائل میں بھی دلچسپی دکھائیں تو قوم مہنگائی ، بے روز گاری ، تعلیم و صحت اور امن و امان سے جڑے مسائل سے مستقل نجات پاسکتی ہے۔ تیمار داری کیلئے آئے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آج کاسماج غربت وبے روزگاری ،تعلیم وصحت کم شرح خواندگی اور افراط زرکا شکار ہے ، آبادی کا بڑا حصہ غربت و گرانی کی دلدل میں پھنسا دکھائی دیتا ہے ۔ ساڑھے12کروڑ لوگوں کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ۔ علامہ مفتی سعید احمد نقشبندی نے کہا کہ حکومت بے روز گاری کے خاتمے کے لئے چھوٹے صنعتی یونٹس کی حوصلہ افزائی کرے تو بے لگام بے روزگاری کے آگے بند باندھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے بہت سے علاقے ایسے بھی ہیں جہاں شہری بنیادی ضروریات سے محروم چلے آرہے ہیں تعلیم و صحت کی سہولتیں ان کے لئے شجرہ ممنوعہ بن چکی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چائیے کہ وہ شہری مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے انقلابی قدم اٹھائیں ۔علامہ مفتی سعید احمد نقشبندی نے بتایا کہ ایک طرف شنگھائی تعاون تنظیم کا انعقاد نیک شگون سمجھا جا رہا ہے دوسری طرف سیاسی بے چینی کسی لحاظ سے بھی درست نہیں، درپیش مسائل کے حل کی طرف حکومت اور اپوزیشن دونوں کوتوجہ دینا ہوگی !!