ایران نے کوثراور ہدہد نامی دو سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کے لئے روس روانہ کر دیئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے اپنے مقامی تیار کردہ اعلیٰ ریزولیوشن تصویر کھینچنے کی صلاحیت کے حامل ''کوثر'' سیٹلائٹ اور سمارٹ آلات کے لئے مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کے زیرِ مقصد تیار کئے گئے ''ہدہد'' سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کے لئے روس روانہ کر دیا ہے۔پرائیویٹ کمپنی کے تیار کردہ ان سیٹلائٹوں کی لانچنگ کی تاریخوں سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں تاہم دیگر تفصیلات کے مطابق کوثر سیٹلائٹ کی تیاری 2019 میں شروع کی گئی۔ یہ سیٹلائٹ اعلی ریزولیوشن تصاویر اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے زراعت، قدرتی وسائل، ماحولیات اور بحران انتظامیہ جیسے شعبوں میں استعمال کے لئے ڈیزائن کیا گیا ۔'' ہدہد'' سیٹلائٹ ایک چھوٹا ٹیلی کمیونیکیشن سیٹلائٹ ہے جسے محدود زمینی روابط والے دور دراز علاقوں میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک اور سمارٹ آلات کے لئے مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار کیا گیا ۔روس نے 2022 میں اور رواں سال کے ماہِ فروری میں ایرانی سیٹلائٹ مدار میں بھیجے تھے۔دونوں ممالک کے درمیان خلائی شعبے میں بڑھتے ہوئے اس تعاون نے امریکی حکام میں تشویش پیدا کر دی تھی۔امریکی حکام نے کہا تھا کہ یہ سیٹلائٹ، یوکرین جنگ میں روس کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل اور مشرق وسطیٰ میں فوجی اہداف کی نگرانی کرنے کے حوالے سے ایران کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے اور ہمیں اس پر تشویش ہے۔