سیاست یا کسی فرد سے متعلق اپنی ذاتی رائے کو آئینی عدالت کی جائز ضرورت پر حاوی نہ ہونے دیں:بلاول بھٹو زرداری

Oct 14, 2024 | 17:21

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدالتی اصلاحات کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں بھی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اگست 2023 میں سول سوسائٹی نے میثاق جمہوریت 2.0 کا مطالبہ کیا. سول سوسائٹی کے میثاق جمہوریت 2.0 کے مطالبے کا مقصد میثاق کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کے میثاق جمہوریت 2.0 کے مطالبے کا مقصد بانی پی ٹی آئی، جنرل پاشا، جنرل فیض کے جمہوریت پر حملوں کے نتیجے میں کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنا تھا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کی 2023 کی سفارشات میں ایک وفاقی آئینی عدالت کا قیام بھی شامل تھا. جس کی تائید ایک پی ٹی آئی سینیٹر نے بھی کی تھی۔چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ عدالتی اصلاحات کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں بھی اتفاق رائے پایا جاتا ہے. موجودہ سیاست یا کسی فرد سے متعلق اپنی ذاتی رائے کو آئینی عدالت کی جائز ضرورت پر حاوی نہ ہونے دیں۔

مزیدخبریں